حکومت کا (ن) لیگ کے دور میں لگائے گئے بجلی کے تمام منصوبوں کے آڈٹ کا فیصلہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں لگائے گئے بجلی کے تمام منصوبوں کے آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے جب کہ 2 منصوبے کے آڈٹ کا آغاز بھی ہوچکا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں لگایا گیا قائداعظم سولر پاور پلانٹ دنیا کا مہنگا ترین پلانٹ ہے جب کہ بھکی ، حویلی بہادر شاہ، ساہیوال کول، پورٹ قاسم پلانٹس سے دنیا کی مہنگی ترین بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ گزشتہ حکومت دعویٰ کرتی رہی کہ اس نے بجلی کے سستے یونٹ لگائے، (ن) لیگ کے آخری دو سالوں میں بجلی کی قیمت بڑھ کر 15 روپے 53 پیسے ہوگئی، اس قیمت پر پیدا ہونے والی بجلی صارفین کو 11 روپے 71 پیسے فی یونٹ میں فراہم کی جا رہی ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے مجرمانہ کارروائیاں کیں، بغیر کسی معاشی منصوبے کے فیصلے کیے اور اتنے بڑے قرضے لیے جن کا بوجھ عوام پر ڈال دیا گیا، گزشتہ دور حکومت میں جس طرح اداروں سے کھلواڑ کیا اس کو بھی سامنے لانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی غلط پالیسیوں کا الزام موجودہ حکومت کو دینا درست نہیں، احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، کرپٹ عناصر کے احتساب کا فیصلہ حکومت کا نہیں پاکستانی عوام کا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا جب ہم کہتے ہیں چوروں اور ڈاکوؤں کا احتساب ہونا چاہیے تو کہا جاتا ہے یہ لفظ مناسب نہیں، تو کیا یہ طریقہ مناسب ہے جو پاکستان کے لوگوں کے ساتھ کیا گیا، جہاں احتساب کا کہا جاتا ہے وہیں جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ جب ہم کہتے ہیں کہ احتساب ہونا چاہیے تو کچھ دوست کہتے ہیں اپوزیشن سے بنا کر رکھنی چاہیے، جب سب کچھ اس طرح چلنا ہے تو پھر تحریک انصاف کو حکومت میں آنے کی کیا ضرورت تھی۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو پتا ہی نہیں اور ان کے اکاؤنٹس میں اربوں روپے نکل رہے ہیں، منی لانڈرنگ روکنے اور سرمایہ کاری لانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت سردیوں میں ایک ارب دو کروڑ یومیہ نقصان کررہی ہے، گرمیوں میں بجلی کا ایک ارب 80 کروڑ روپے نقصان حکومت برداشت کررہی ہے اور اس نقصان کی وجہ سے 34 ارب روپے ہر سال گردشی قرضے میں اضافہ ہوا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت نیپرا طے کرتا ہے اور یہ ادارہ ہم نے نہیں گزشتہ حکومتوں نے بنایا ہے، نیپرا نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافہ کریں ورنہ روز نقصان ہوگا اور آج 14 ہزار میگاواٹ بجلی کی طلب ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان تمام معاملات پر جلد قوم کو اعتماد میں لیں گے، پاکستان کا مستقبل روش ہے جلد عوام کو خوشخبریاں ملیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے، مستقبل میں بہت بڑی سرمایہ کاری پاکستان میں آ رہی ہے اور زرمباردلہ کے ذخائر بڑھانے کے لیے 4 مرحلوں میں کام کیا جارہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف نے نئی مثال قائم کی، کسی وزیر نے حلقے کا دورہ نہیں کیا، ہمارے خلاف تمام جماعتیں اکٹھی تھیں پھر ہمارا مقابلہ نہ کرسکیں اور تحریک انصاف نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔