سیاستدانوں میں اکثر مجرم ہیں اور اتنے ثبوت ہیں کہ مجرم بچ نہیں سکتے: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ سیاستدانوں میں سے اکثر مجرم ہیں اور اتنے ثبوت موجود ہیں کہ مجرم بچ نہیں سکتے۔ اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا مسئلہ نہیں بلکہ آئی ایم ایف کی شرائط مسئلہ ہیں، عوام پر پہلے ہی بہت بوجھ ڈال چکے ہیں، مزید نہیں ڈالنا چاہتے، ہم چاہتے ہیں عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں میں سے اکثر مجرم ہیں، اتنے ثبوت موجود ہیں کہ مجرم بچ نہیں سکتے، میں کسی دباؤ میں نہیں آؤں گا اور آخر تک جاؤں گا، کسی چور، ڈاکو اور مجرم کو نہیں چھوڑوں گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ اپوزیشن حقیقی اپوزیشن نہیں ہے، موجودہ اپوزیشن اپنی جائیدادیں بچانے کے لیے اکٹھی ہوئی ہے۔ عمران خان نے شہبازشریف کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نیلسن منڈیلا بننے کی کوشش کررہے تھے ۔