قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری
اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے گئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے چوتھے اجلاس میں شرکت کے لیے نیب کی جانب سے گرفتار قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کو پروڈکشن آرڈر کے تحت 29 اکتوبر کو اسمبلی اجلاس میں بلایا گیا ہے۔ پروڈکشن آرڈر کے تحت شہباز شریف قومی اسمبلی اجلاس کے تمام سیشنز میں شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے 17 اکتوبر کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے لیے بھی شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے تھے۔
نیب نے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں 5 اکتوبر کو گرفتار کیا تھا تاہم شہباز شریف نے اپنے اوپر لگنے والے تمام الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔