اسلام آباد

ایم کیو ایم کے قائد کے پاس ایسے لوگ بیٹھے ہیں جو بھارتی لابی کا حصہ ہیں، خورشید شاہ

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد کے پاس لندن میں ایسے لوگ بیٹھے ہیں جو بھارتی لابی کا حصہ ہیں اس لئے جو ان کے ساتھ ہو گا وہ ریاست پاکستان کے خلاف شمار ہوگا. پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ یہ کہہ دینا کہ پاکستان مہاجروں نے بنایا خام خیالی ہے، پاکستان سندھیوں نے بنایا ہے لیکن ہم نے مہاجروں کی قربانیوں کو سامنے رکھا ہے، یہ کہہ دینا کہ ایم کیو ایم کے قائد بیمار اور ذہنی دباؤ میں ہیں کوئی بات نہیں، حکومت کی بے توجہی نے بھی حالات خراب کئے، صرف ان ہی باتوں پر توجہ دی گئی جو پاکستان کے خلاف باتیں کی گئیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے قائد کی تقریر کے بعد جماعت کے رہنماؤں پر اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی دباؤ بہت زیادہ تھا، فاروق ستار نے وقتی طور پر صحیح بات کی کیونکہ ان کے پاس یہی ایک راستہ تھا، ایم کیو ایم کے پاس مائنس الطاف حسین کے سوا کوئی چارہ نہیں، جو ایم کیو ایم کے قائد کے ساتھ ہو گا وہ ریاست کے خلاف بولنے والوں کے ساتھ شمار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد کے پاس لندن میں ایسے لوگ بیٹھے ہیں جو بھارتی لابی کا حصہ ہیں، وہاں موجود ایم کیو ایم کی قیادت خاموش ہوکر نہیں بیٹھے گی، ان کی پوری کوشش ہوگی کہ فیصلوں کے اختیارات کراچی منتقل نہ ہوں۔ ایم کیو ایم کے قائد پر آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلانے پر قائد حزب اختلاف نے کہا کہ نجانے آرٹیکل 6 کو کتنا بدنام کیا جائے گا، ضیا الحق نے آرٹیکل 6 بنانے والے وزیراعظم کو پھانسی لگا دی،موجودہ حکومت نے پرویز مشرف پر آرٹیکل 6 لگانے کی بات کی لیکن پھر انہیں خود ہی بیرون ملک بھجوادیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close