وفاقی وزیر کا فون سننے میں تاخیر پر آئی جی اسلام آباد کا تبادلہ تشویشناک ہے، پیپلز پارٹی
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی نے وفاقی وزیر کا فون سننے میں تاخیر پر آئی جی اسلام آباد جان محمد کے تبادلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر کا فون سُننے میں تاخیر پر آئی جی اسلام آباد جان محمد کا تبادلہ حیران کن ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئی جی اسلام آباد نے وفاقی وزیر کے غیر قانونی حکم کی تعمیل نہیں کی کیوں کہ وفاقی وزیر پولیس کو اپنے ذاتی جھگڑے میں استعمال کرنا چاہتے تھے جس کے بعد آئی جی اسلام آباد کو سزا دیکر بیورو کریسی کو پیغام دیا گیا ہے۔
ترجمان بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ‘نیازی اینڈ کمپنی کے تبدیلی کے دعوے بے نقاب ہو رہے ہیں’۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز آئی جی اسلام آباد جان محمد کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا اور انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم انہیں ہٹائے جانے کی کوئی وجہ سامنے نہیں آئی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت نے پنجاب کے آئی جی پولیس طاہر خان کو ایک ماہ 2 دن بعد ہی تبدیل کردیا تھا اور ان کی جگہ سابق آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی کو تعینات کیا تھا۔
اس معاملے میں مسلم لیگ (ن) نے الزام عائد کیا تھا کہ آئی جی پنجاب نے محمود الرشید کے بیٹے کے معاملے پر اُن کی بات ماننے سے انکار کیا تھا جس کے باعث اُن کا تبادلہ کیا گیا۔