ایرانی وزیر خارجہ کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف کی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، علاقائی اور مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر غور کیا گیا۔
اس سے قبل دورہ پاکستان پر آئے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی، جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئے۔
ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف آج علی الصبح سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حکومت میں آنے کے بعد سے ایرانی وزیر خارجہ کا یہ دوسرا دورہ ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کے درمیان دفتر خارجہ میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات متوقع ہے۔