یمن کے عوام کے مسائل ختم ہونے چاہیں، فریقین رضامند ہوں تو پاکستان ثالثی کیلئے تیار ہے، عمران خان
اسلام آباد: ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے دورہ پاکستان کے دوران وزیرِاعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ سیاسی و اقتصادی تعلقات کا فروغ چاہتا ہے، تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانا خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہے۔ ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ سیاسی و اقتصادی تعلقات کا فروغ چاہتا ہے، پاکستان کو مسلم امہ کے درمیان تنازعات پر تشویش ہے۔ یمن کے عوام کے مسائل ختم ہونے چاہیں، فریقین رضامند ہوں تو پاکستان یمن کے معاملے پر ثالثی کے لیے تیار ہے۔ وزیراعظم نے ایرانی قیادت کے لئے نیک خواہشات کا پیغام بھی بھیجا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کو ایرانی صدر کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔ اپنے پیغام میں ایرانی صدر نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ مل کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے ملاقات کی، بعد ازاں انہوں نے اپنے ہم منصب شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے ملاقات میں دونوں شخصیات نے پاکستان ایران تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی، ایرانی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو ایرانی صدر کا تہنیتی پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر ایرانی کوسٹ گارڈز کی بازیابی سے متعلق بھی بات چیت کی گئی، ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے ایرانی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، اپنی گفتگو میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران کے ساتھ سیاسی و اقتصادی تعلقات مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے، ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات میں بہتری ہماری خارجہ پالیسی کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے مسلمان ملکوں میں اتحاد کے فقدان پر تشویش کا اظہار کیا، یمن میں انسانی بحران قابل افسوس ہے، وزیراعظم کی یمن بحران کے حل کے لئے ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ فریقین چاہیں تو مسئلے کے حل کیلئے ثالثی کیلئے تیار ہوں۔ اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر حسن روحانی دونوں ممالک کے بہتر تعلقات اور پاکستان سے دوطرفہ تعاون میں فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔ بعد ازاں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے بھی علیحدہ ملاقات کی، ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان چین کے چار روزہ اہم دورے کیلئے کل شام روانہ ہوں گے، وزیراعظم اپنے دورے میں چینی صدر سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔