قومی اسمبلی سمیت تمام اداروں کو سپریم کورٹ کے فیصلے کا ساتھ دینا چاہیے، بلاول
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ انصاف کروائے تو قومی اسمبلی سمیت تمام اداروں کو اس کا ستھ دینا چاہیے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے آسیہ بی بی کیس کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سپریم کورٹ ایک قومی ادارہ ہے، عدالتی فعالیت پر ہماری ایک سوچ ہو سکتی ہے مگر جب سپریم کورٹ انصاف کروائے تو قومی اسمبلی سمیت تمام اداروں کو اس کا ساتھ دینا چاہیے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی کو توہین رسالت کا جرم ثابت نہ ہونے پر آج بری کیا تھا جس کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج بھی کیا گیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی قوم سے ہنگامی خطاب میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اکسانے والے عناصر اسلام کی خدمت نہیں صرف اپنا ووٹ بینک بڑھانے کے لیے یہ سب کچھ کر رہے ہیں، ایسے عناصر سے اپیل کرتا ہوں کہ ریاست کو ایکشن لینے پر مجبور نہ کریں۔