Featuredاسلام آباد

آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل دائر

اسلام آباد: آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں نظر ثانی اپیل دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست گزار قاری سلام کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آسیہ بی بی نے تفتیش کے دوران جرم کا اعتراف کیا، ایف آئی آر تاخیر سے درج کرانے کا مطلب یہ نہیں کہ ملزم بےگناہ ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آسیہ بی بی کی بریت کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے اور نظر ثانی کی اپیل کے فیصلے تک آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ دوسری جانب وفاقی حکومت نے آسیہ بی بی کیس میں نظر ثانی پٹیشن دائر کرنے کی تردید کر دی ہے۔

ترجمان وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ آسیہ بی بی سے متعلق کیس میں حکومت نے نہ نظر ثانی پٹیشن دائر کی ہے اور نہ ہی آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے آسیہ بی بی کو توہین رسالت کا جرم ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا تھا جس کے خلاف مذہبی جماعتوں کی جانب سے ملک بھر میں مظاہرے جاری ہیں۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے بھی قوم سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ سپریم کورٹ نے آئین کے مطابق فیصلہ سنایا اور کسی کو بھی ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close