پاکستان کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر مذاکرات بھارت نےدعوت کو مسترد کردیا
اسلام آباد: بھارت نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان سے مذاکرات کرنے سے انکار کردیا ہے، پاکستانی سیکریٹری خارجہ نے بھارتی ہم منصب کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کی دعوت کو مسترد کرتے ہوئے بھارتی سیکریٹری برائے خارجہ امور ایس جے شنکر نے باضابطہ طور پر خط تحریر کیا ہے۔ اسلام آباد میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباولے نے دفتر خارجہ میں سیکریٹری خارجہ اعزاز چودھری سے ملاقات کی اور بھارتی سیکریٹری خارجہ سبرامنیم جے شنکر کا خط دیا، جس میں لکھا ہے کہ بھارت کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں کرے گا، پاکستان کے ساتھ دہشت گردی اور دراندازی کے معاملات پر بات کیلئے تیار ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی سیکریٹری خارجہ کے خط کا جائزہ لینا شروع کردیا ہےاور باہمی مشاورت کے بعد ہی اس خط کا مناسب جواب دیا جائے گا۔پاکستانی سیکریٹری خارجہ نے بھارتی ہم منصب کو مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کیلئے دورے کی دعوت دی تھی اور کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیر کے عوام کی خواہش کے مطابق ہوناچاہیے،اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری بند کی جائیں۔واضح رہے کہ 15 اگست کو یوم آزادی کی تقریب میں بھی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان پر الزامات لگائے تھے۔یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 8 جولائی کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے کشمیر کے حالات کشیدہ ہیں اور مسلسل 49 روز سے کرفیو نافذ ہے، اب تک بھارتی فورسز کی فائرنگ سے 80 سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں