اسلام آباد
دھرنوں میں شریک 5 ہزار مظاہرین کے خلاف مقدمات؛ وزیراعظم کو رپورٹ پیش
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کو دھرنا مظاہرین کے خلاف کارروائی کی رپورٹ پیش کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کو دھرنا مظاہرین کے خلاف کارروائی کی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 5000 سے زائد شرپسند عناصر کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے جس کے لیے وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطہ میں ہے اور وزارت دفاع سمیت تمام اداروں سے مدد لی جارہی ہے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ایف آئی اے اور پی ٹی اے حکام سوشل میڈیا پر نامناسب مواد پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کررہے ہیں، تحریک لبیک کے سربراہ خادم رضوی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کروا دیا گیا ہے، شرپسندوں کی شناخت کے لیے ویڈیوز اور تصاویر بھی مشتہر کی گئی ہیں۔