چیئرمین سینٹ نے فواد چودھری کے سینٹ میں داخلے پر پابندی عائد کردی
چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے وفاقی وزیراطلاعات فوادچودھری کے سینٹ میں داخلے پر پابندی عائد کردی اور پابندی کی رولنگ جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح سینٹ کے اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں نے اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ وفاقی وزیر اطلاعات ایوان میں آکر ماحول خراب کرتے ہیں، گزشتہ روز بھی فواد چودھری نے غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کئے ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ فواد چودھری ایوان میں آکر معافی مانگیں ،اس پر چیئرمین سینٹ نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات ایوان میں آکر معافی مانگیں ورنہ ان کے داخلے پر پابندی عائد کردی جائے گی۔
فواد چودھری کے ایوان میں نہ آنے پر چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے وزیر اطلاعات کے سینٹ میں داخلے پر پابندی عائدکر دی اور رولنگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ معافی مانگنے تک وزیر اطلاعات کے رواں اجلاس میں آنے پر پابندی رہے گی ۔چیئرمین سینٹ نے کہا کہ ایوان بالا اعلی ترین روایات کا حامل رہا ہے، آئندہ بھی رہے گا، ایوان میں کچھ عرصے سے بدمزگی پیدا ہو رہی ہے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنی رولنگ میں مزید کہا لازم ہے کہ اس طرح کی باتوں اور رویوں سے احتیاط کریں، ہاؤس کو احسن طریقے سے چلانے میں حکومت پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے، کسی ممبر کو ایسے الفاظ، اشارے یا رویئے کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہئے جس سے ایوان کا تقدس مجروح ہو۔ وزیر اطلاعات کے خلاف قواعد (3) 13 اور رول 264 کے تحت کارروائی کی جارہی ہے، وزیراطلاعات جاری اجلاس کے بقایا سیشنز میں ایوان میں داخل نہیں ہوسکتے۔