اسلام آباد

حکومت کا 100دن پورے ہونے پر کارکردگی رپورٹ شائع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد : حکومت نے 100 دن پورے ہونے پر کارکردگی رپورٹ شائع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، 100 دن مکمل ہونے پر خصوصی تقریب منعقد ہوگی، جس میں وزیراعظم عمران خان شرکت کریں گے۔
 
تفصیلات کے مطابق حکومت نے 100دن پورے ہونے پر کارکردگی رپورٹ شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، رپورٹ میں حکومت کے آئندہ 5 سال کےلائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
 
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم 100دن مکمل ہونے پر خصوصی تقریب میں شرکت کریں گے، خصوصی تقریب پشاور میں منعقد ہوگی۔
 
یاد رہے چند روز قبل 100روزہ پلان کے تحت وزیر اعظم عمران خان وزارتوں کی کارکردگی قوم کے سامنے لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزارتوں کو پہلے مرحلے کی کارکردگی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔
 
وزراء کو رپورٹ میں بتانا ہوگا کہ قومی خزانے کو کتنا فائدہ پہنچایا، کفایت شعاری،سادگی پرعمل ہوا؟ عوام کو ریلیف کے لیے کیا اقدامات کیے اور حکومتی منشورپرعملدرآمد ، نئی اسکیموں، کرپشن کے سد باب کے لیے کیا اقدامات کیے۔
 
 وزیر اعظم وزارتوں کی کارکردگی قوم کے سامنےلائیں گے اور اعلیٰ کارکردگی کے حامل وزراکوحکومتی و عوامی سطح پر کریڈٹ دیں گے۔
یاد رہے 21 اکتوبر کو ہونے والے ایک اجلاس میں وزیراعظم کی جانب سے اعلان کیے جانے والے 100 روزہ پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے کابینہ اراکین کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اوررپورٹ پیش کی گئی تھی۔
 
وزیراعظم کی جانب سے دیے گئے بیشتر اہداف حاصل کرلیے گئے اور وزیرمملکت برائے مواصلات مراد سعید کارکردگی میں اول نمبر پر رہے، انہوں نے 1 ارب روپے کی زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروائی۔
 
خیال رہے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے100روزہ پلان کے جائزے کیلئے ویب سائٹ بنائی تھی ، ویب سائٹ میں پلان کے بنیادی بڑے منصوبوں کو شامل کیا گیا، ویب سائٹ کی مدد سے حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔
 
واضح رہے عام انتخابات 2018 سے قبل 20 مئی کو پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سو دن کی منصوبہ بندی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ 100 دن کا منشور دے دیا ہے، یہ منشور ہماری سمت کا تعین کررہا ہے۔
 
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس کے پی میں حکومت کا تجربہ ہے، وفاقی حکومت مل جاتی تو ہماری ایسی تیاری نہ ہوتی، ہم نے کے پی میں 5سال حکومت کرکے سیکھا ہے۔
 
سربراہ تحریک انصاف نے مزید کہا تھا کہ سو دن کے پلان کا مقصد حکومت کی تمام پالیسیاں بنانا ہے، سو دن کے پلان میں سوا3کروڑ سرکاری اسکولوں کے بچوں کی تعلیم پر توجہ دینی ہے، مدارس کے25لاکھ بچوں کو اعلیٰ تعلیم دینی ہے، مدارس کے بچوں کو بھی ڈاکٹر بنانا ہے، ہم نے نچلے طبقے کو اوپر لانا ہے، بیورو کریسی کو غیرسیاسی کیا جائے گا، سرکاری اسپتالوں کو ٹھیک کرنے گئے تو مافیا کا سامنا کرنا پڑا۔
 
 
Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close