غیر پارلیمانی الفاظ: معافی نہ مانگنے پر فواد چوہدری کے سینیٹ میں داخلے پر پابندی عائد
اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے سینیٹ کے رواں سیشن میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔ بدھ کے روز سینیٹ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سینیٹر عثمان خان کاکڑ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس پر چیئرمین نے وفاقی وزیر کا مائیک بند کردیا اور غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کرنے پر انہیں تنبیہ بھی کی۔
اپوزیشن کی جانب سے وفاقی وزیر کی معافی کا مطالبہ
جمعرات کے روز بھی سینیٹ میں وفاقی وزیر کے رویئے پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا اور فواد چوہدری کی معافی کا مطالبہ کردیا۔
سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئےکہا کہ کل کی بدمزگی کا ہمارے پاس علاج نہیں، سوائے اس کے کہ ہم باہر چلے جائیں، چیئرمین سینیٹ کے پاس اس کا علاج ہے، اگر آپ کی بھی بات نہ مانی جائے تو واک آؤٹ کرنا پڑے گا۔
معافی تک اپوزیشن ایوان میں نہیں بیٹھے گی: حاصل بزنجو
اپوزیشن کی جانب سے فواد چوہدری کے معافی مانگنے تک ایوان کا واک آؤٹ کرنے کی دھمکی دی گئی۔
سینیٹر حاصل بزنجو نے وفاقی وزیر کی جانب سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ جب تک یہ شخص ایوان سے معافی نہیں مانگے گا، اپوزیشن ایوان میں نہیں بیٹھے گی۔
سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز نے فواد چوہدری کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ مشاہد اللہ خان نے ایک ممبر کابینہ کے بارے میں جو بات کی تھے اس کا متن منگوا لیں، مشاہد اللہ کی تقریر اور ہمارے وزیر کی تقریر کا بھی متن لائیں، دیکھیں اجلاس میں کس نے غیر پارلیمانی بات کی۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ سینیٹ میں بدمزگی پیدا ہونا شروع ہوئی ہے، ہم سب پر لازم ہے کہ احتیاط کریں۔
چیئرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر اطلاعات کو معافی مانگنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری ایوان میں آکر معافی مانگیں، اگر معافی نہیں مانگتے تو ان پر جاری اجلاس میں داخلے پر پابندی لگاتا ہوں۔
صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ ممبران پر لازم ہے کہ وہ چیئرمین، قائد ایوان اور حزب اختلاف کا احترام کریں، ممبران ایوان میں ایسے الفاظ اور اشارے نہ کریں جو غیر مناسب ہیں۔
چیئرمین سینیٹ کی ہدایت کے بعد سینیٹر حاصل بزنجو نے کہا کہ ایک گروہ ہے جو عملی طور پر پارلیمنٹ کو بے توقیر کرتا رہا، اب یہ اندربیٹھ کر پارلیمان کو بے توقیر کررہے ہیں، جب بھی اجلاس ہوگا وزیر اطلاعات آکر چیئرمین اور ایوان سے معافی مانگے گا اور کہے گا کہ آئندہ ایسا عمل دوبارہ نہیں کروں گا۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سینیٹ میں آکر معافی نہیں مانگی
فواد چوہدری نے معافی نہیں مانگی
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سینیٹ میں آکر معافی نہیں مانگی جس کےبعد چیرمین سینیٹ کی رولنگ کے تحت ان کے رواں سینیٹ سیشن میں داخلے پر پابندی عائد ہوگئی ہے۔
واضح رہےکہ اس سے قبل بھی وفاقی وزیر فواد چوہدری اور مسلم لیگ (ن) کے مشاہد اللہ کے درمیان سینیٹ میں تلخ کلامی ہوئی تھی، وفاقی وزیر نے اپوزیشن کے خلاف دھواں دھار تقریر کی تھی تاہم اپوزیشن کے شدید احتجاج پر معافی بھی مانگ لی تھی۔