اسلام آباد

پی ٹی وی کرپشن کیس: ایف آئی اے نے شاہد مسعود کو گرفتار کرلیا

اسلام آباد: ایف آئی اے نے پی ٹی وی کرپشن کیس میں شاہد مسعود کو گرفتار کرلیا۔ پی ٹی وی کرپشن کیس کی سماعت کرنے والی اسلام آباد کی بینکنگ کورٹ نے 25 اکتوبر کو شاہد مسعود کی ضمانت قبل از گرفتاری خارج کردی تھی جس کے بعد ٹی وی اینکر گرفتاری کے خوف سے عدالت سے فرار ہوگئے تھے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے اینکر شاہد مسعود کی درخواست ضمانت پرسماعت کی۔

پی ٹی وی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کیس میں پی ٹی وی کے کاشف ربانی بھی شریک ملزم ہیں، شاہد مسعود نے جعلی کمپنی کے ساتھ کرکٹ میچز کی نشریاتی حقوق کا معاہدہ کیا، جعلی کمپنی کو معاہدے کے وقت 3 کروڑ 70 لاکھ کی فوری ادائیگی کی گئی، کمپنی لاہور میں کیٹرنگ اور دیگوں کا کام کرتی تھی۔

پی ٹی وی کے وکیل کا کہنا تھا کہ اس جعلی کمپنی کو کاشف ربانی اور شاہد مسعود کے علاوہ کوئی اور نہیں جانتا تھا، شریک ملزم کاشف ربانی ضمانت مسترد ہونے پر ایک کروڑ 29 لاکھ روپے واپس کرچکے ہیں،  دوسرے شریک ملزم روشن مصطفیٰ گیلانی نے بھی 80 لاکھ روپے واپس کیے، شریک ملزمان کا کہنا ہے کہ باقی کے پیسے شاہد مسعود کو دینا ہیں۔

عدالت نے شاہد مسعود کی درخواست ضمانت مسترد کردی جس پر ایف آئی اے نے انہیں کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کرلیا۔ شاہد مسعود کو پیپلزپارٹی کے دور میں سابق صدر آصف زرداری نے چیئرمین پی ٹی وی لگایا تھا، ان پر بطور ایم ڈی پی ٹی وی جعلی کمپنی کے ساتھ کرکٹ میچز کا نشریاتی حقوق کا معاہدہ کرنے کا الزام ہے۔

واضح رہے کہ شاہد مسعود نے زینب قتل کیس میں بھی مجرم عمران کے بیرون ملک اکاؤنٹس کا دعویٰ کیا تھا جس پر چیف جسٹس پاکستان نے ازخودنوٹس لیا تھا تاہم اینکر اپنا دعویٰ درست ثابت نہیں کرسکے تھے جس پر انہوں نے عدالت سے معافی مانگی اور جب کہ عدالت نے ان کے پروگرام پر تین ماہ پابندی عائد کی تھی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close