اسلام آباد

اورکزئی اور کراچی واقعات قابل مذمت، تجربوں کا وقت گزر چکا، حکومت عملی اقدامات اٹھائے، علامہ راجہ ناصر عباس

اسلام آباد: مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ مذہب اور قوم پرستی کے نام پر نفرتیں پھیلانے والے ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ آرمی چیف کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ لوئر اورکزائی اور چینی قونصل خانے پر حملہ کی شدید مذمت کرتے ہیں، دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ حالیہ دہشتگردی کے واقعات کا مقصد عوام میں بےچینی اور مایوسی پھیلانا ہے، بے گناہوں اور غریبوں پر حملہ کرنے والے دراصل درندے ہیں، وطن پرستی یا مذہب کی آڑ میں بے گناہوں کے خون سے ہولی کھیلنے والوں سے حکومت آہنی ہاتھوں سے نمٹے، اورکزئی میں لوکل لوگوں کے ساتھ ملکر سکیورٹی کا میکنیزیم بہتر بنایا جائے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی رٹ قائم رکھے اور شدت پسندوں سے مرعوب نہ ہو۔

سربراہ ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ اب تجربوں کا وقت گزر چکا ہے، سکیورٹی کے لئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں، حکومت رسمی بیانات کی بجائے عملی اقدامات اٹھائے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے، دہشتگردی کا نشانہ بننے والے شہیدوں کو مسلک اور قوموں میں تقسیم نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اگر نبی رحمت ﷺ کے پرچم تلے جمع ہو جائے تو کامیابی یقینی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ناموس رسالت کے نام پر ناموس رسالت کی تحریک کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ تمام مسلمان نبی اکرم (ص) کی حرمت پر جان دینے کے لئے تیار ہیں۔ ہم پوری امت کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں وحدت اور اتحاد کے ساتھ مل کر وطن عزیز کو بحرانوں سے نکالیں، ہم یمن، غزہ اور کشمیر کے مظلومین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پاکستان کی پارلیمنٹ میں اسرائیل کے حق میں گفتگو ہونا ایک المیہ سے کم نہیں، تاہم آرمی چیف کا بیان خوش آئند ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close