وزیراعظم کی زیرصدارت اکنامک ایڈوائزری کونسل کا بنی گالہ میں اجلاس، حکام کی بریفنگ
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اکنامک ایڈوائزری کونسل کے دوران وزیراعظم کو مجموعی معاشی صورت حال پر بریفنگ دی جارہی ہے۔ بنی گالہ میں جاری اجلاس میں وفاقی وزراء، ایڈوائزری کونسل کے ممبران اور سینئر حکام شریک ہیں جب کہ اجلاس کے دوران ملک کی معاشی و اقتصادی صورتحال اور 100 روزہ پلان کے تحت اہداف زیر غور ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اکنامک ایڈوائزی کونسل کے بنائے گئے سب گروپس کی رپورٹس پیش کی جارہی ہیں جب کہ حکام روزگار کی فراہمی، سوشل سیفٹی پروٹیکشن، تجارتی توازن کے اہداف کی تکمیل پر سفارشات پر بریفنگ دے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں میکرو فنانشل بیلنس کے حوالے سے تجاویز پیش کی جائیں گی جب کہ وزیراعظم کو آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکراتی عمل پر بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے سے متعلق معاشی منصوبے کے بارے میں بھی بریفنگ دی جائے گی۔