ماضی میں کی گئی اربوں روپے کی کرپشن کا حساب دینا ہوگا: فواد چوہدری
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ماضی میں کی گئی اربوں روپے کی کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ شفاف طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں، جو کچھ کریں گے یا نہیں کرسکیں گے اسے عوام کے سامنے رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شفافیت سے ہی بدعنوانی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے، کرپشن کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے اور اب کرپشن کی معلومات دینے والے کو 20 فیصد دیا جائے گا جس کے لیے ایکٹ لے کر آرہے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سے متعلق اپوزیشن کا مطالبہ غیراخلاقی ہے، پچھلی حکومت کمیشن لینا جانتی تھی کمیشن بنانا نہیں، ہم نے کمیشن کو روکنے کے لیے کمیشن بنایا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 100 دنوں میں وزیراعظم کی قیادت میں بے پناہ اقدامات کیے، جدید ترین میڈیا یونیورسٹی 100 روزہ پلان کا حصہ ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ معلومات کے حصول کے لیے انقلابی قدم اٹھایا ہے، اب کوئی بھی شہری کسی بھی ادارے سے معلومات حاصل کرسکتا ہے، متعلقہ محکمہ 10 دن میں معلومات دینے کا پابند ہوگا۔