کیا واقعی مرغیوں کے ذریعے غربت ختم ہوسکتی ہے؟
وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے انڈے اور مرغی کے ذریعے غربت مٹانے کا فارمولا پیش کیا گیا تو ناقدین نے کپتان کا مذاق اڑانا شروع کردیا ۔ سوشل میڈیا پر وزیر اعظم کا ایسا ٹھٹھہ اڑا کہ کپتان کا منصوبہ ایک مذاق بن کر رہ گیا لیکن اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس 2 برس قبل یہی منصوبہ افریقہ کے ممالک میں شروع کرچکے ہیں۔
عمران خان کی جانب سے ٹوئٹر پر نہ صرف ان کے منصوبے کا مذاق اڑانے والوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے بلکہ بل گیٹس کی ویڈیو کا لنک بھی شیئر کیا گیا ہے جس میں وہ انڈے اور مرغی کے فوائد بیان کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
عمران خان نے بل گیٹس کی ویڈیو کا لنک شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ ان غلام ذہنوں کیلئے ہے جنہیں اس وقت مرغی کے ذریعے غربت مٹانے کے منصوبے سے تکلیف ہوتی ہے جب اس بارے میں کوئی دیسی آدمی بات کرتا ہے لیکن وہ اس وقت اسے شاندار قرار دیتے ہیں جب کوئی ولائتی شخص اس منصوبے پر عمل کرتا ہے۔
دوسری جانب ٹوئٹر پر انڈے کا فنڈہ اتنا زیادہ ہوچکا ہے کہ ’ بل گیٹس‘ ٹاپ ٹرینڈ کرتے رہے تاہم جارج بش سینئر کے انتقال کے بعد ان کا نام ٹرینڈنگ میں تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔ اگر بل گیٹس کی ویڈیو کا جائزہ لیں تو اس میں پتا لگتا ہے کہ کیسے انہوں نے 2016 میں افریقی ممالک میں غربت مٹانے کیلئے مرغیوں اور انڈوں کا فارمولا پیش کیا اور یہ منصوبہ شروع کرایا۔
مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بل گیٹس نے 2016 میں افریقہ میں غریب خاندانوں کو مدد دینے کے لیے ایک لاکھ مرغیاں تقسیم کرنے کا اعلان کیاتھا۔بل گیٹس کا کہنا تھا کہ مرغیوں کو پالنے اور بیچنے سے غربت کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ بل گیٹس کے مطابق ایک کاشت کار پانچ مرغیاں پال کر سالانہ 1000 ڈالر کما سکتا ہے۔ جن خاندانوں کی سالانہ آمدن 700 ڈالر سے کم ہو انھیں خط غربت سے نیچے تصور کیا جاتا ہے۔
بل گیٹس نے کہا کہ وہ سب صحارا کے 30 فیصد دیہی خاندانوں کو اچھی نسل کی ایسی مرغیاں مہیا کریں گے جنہیں بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے لگے ہوئے ہوں گے۔