اسلام آباد

اسد عمر سے کسی قسم کا تنازع نہیں، جہانگیر ترین

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ حکومت چلے گی کوئی پریشانی والی بات نہیں ہے، قبل از وقت انتخابات ہوئے بھی تو پی ٹی آئی اکثریت سے کامیاب ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ایک سیکنڈ میں صوبہ نہیں بنتا اس کے لیے تمام اقدامات کرنا ہوتے ہیں، جنوبی پنجاب صوبہ ضرورت بنائیں گے اپنا وعدہ پورا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیکریٹریٹ بنایا جارہا ہے اس کے بعد دیگر اقدامات بھی کیے جائیں گے، گزشتہ حکومتوں نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا تھا، ملکی حالات ایسے چھوڑ کر گئے تھے اس کو ٹھیک کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔
اسد عمر سے اختلافات کی خبروں پر جہانگیر ترین نے کہا کہ غلط خبر ہے میرے کسی کے ساتھ اختلافات نہیں ہیں، اسد عمر سے کسی قسم کا تنازع نہیں، ایسی خبریں مخالفین پھیلا رہے ہیں، گزشتہ دنوں ایسی کوئی میٹنگ بھی نہیں ہوئی جس میں اسد عمر سے تلخی ہوئی ہو۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ پانی کے مسائل، انتظامی امور کے بعد الگ صوبہ بنایا جاتا ہے، پانی اور خزانے کی تقسیم کیسے ہوگی اس کے بعد نیا صوبہ بنایا جائے گا، ملک کو بے دردی سے لوٹا گیا مسائل حل ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ڈالر سے متعلق وضاحت دینا وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک کا کام ہے، عوام سے جو بھی وعدے کیے گئے وہ سب پورے کریں گے۔
Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close