سوئس حکومت نے بینک اکاؤنٹس سے متعلق معاہدے کی توثیق کردی: شہزاد اکبر
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے بتایا ہےکہ سوئٹزرلینڈ نے پاکستان کے ساتھ معاہدے کی توثیق کردی جس سے تمام سوئس بینکوں کی تفصیلات مل سکیں گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ دو طرفہ معاہدے سے تمام سوئس بینکوں کی تفصیلات مل سکیں گی، اہم معلومات 4 سے 6 ہفتوں میں مل جائیں گی، 5،6 سال اس معاہدے پر دستخط نا کرکے ضائع کیے گئے۔
شہزاد اکبر کا کہناتھا کہ معاہدے کے تحت پرانی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، جرمن اتھارٹی سے بھی معلومات کے حصول کے لیے رابطہ کرلیا جب کہ برٹش ورجن آئی لینڈ کے ساتھ بھی معاہدے پر دستخط کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کے خلاف اختیارات کے غلط استعمال کا نیا کیس نیب کو بھجوادیا، ان کی اہلیہ کے نام لندن میں فلیٹ ظاہرنہیں تھا، اس پر بھی نیب نواز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس بنا رہا ہے اور اس حوالے سے تمام شواہد نیب کو بھجوادیے ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے وزیر خزانہ کے استعفے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر کو عہدے سے الگ نہیں کیا جارہا، ان پر وزیراعظم کا اعتماد ہے جب کہ کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے وزیراعظم تمام وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کریں گے۔