اسلام آباد

وفاقی کابینہ اجلاس: وزارتوں کی کارکردگی کے لیے ہر 3 ماہ بعد اجلاس بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس جاری ہے، وزیر اعظم نے ہر وزیر سے اقدامات، کفایت شعاری مہم اور آئندہ پلان کے بارے میں سوالات کیے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج کابینہ کے خصوصی اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔ اجلاس کا آغاز ساڑھے دس بجے وزیر اعظم آفس اسلام آباد میں ہوا جو رات 9 بجے تک جاری رہے گا۔

وزیر اعظم نے خصوصی کابینہ اجلاس کے لیے دیگر مصروفیات منسوخ کردی ہیں اور اپنا سارا دن وقف کردیا ہے۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں تمام وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں وزارتوں اور ڈویژنز کو کارکردگی بتانے کا موقع دیا گیا اور وزیر اعظم فرداً فرداً ہر وزیر کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔

وزارتوں کی کارکردگی جائزے کا مقصد شہریوں کی زندگی کو بہتر بنانا اور حکومت کی درست سمت کا تعین کرنا ہے۔

اجلاس میں ہر وزارت سے اقدامات، کفایت شعاری مہم اور آئندہ پلان پر بات کی گئی جبکہ وزرا سے آئندہ کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات سے متعلق بھی پوچھا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے وزرا سے 3، 3 سوالات پوچھے۔ پہلا: ’وزارت میں اب تک کون سے منصوبے شروع کیے گئے؟‘ دوسرا: ’بطور وزیر آئندہ کیا کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے؟‘ اور تیسرا: ’وزارت کے اخراجات میں کتنی کمی کی گئی؟‘

ہر وزیر کو بریفنگ کے لیے 10 منٹ کا وقت دیا گیا جبکہ بریفنگ کے بعد وزرا سے 5 منٹ سوالات اور جوابات کے مختص کیے گئے۔

بریفنگ کے بعد ہر وزیر اپنی وزارت کے متعلقہ سیکریٹری کے ہمراہ وزیر اعظم سے ملاقات بھی کرے گا جو 10 سے 15 منٹ پر مشتمل ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وفاقی وزرا کو 100 روزہ کارکردگی کی رپورٹس ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی تھی۔ کارکردگی تسلی بخش نہ ہونے پر وزرا کے قلمدان تبدیل بھی ہوسکتے ہیں۔

اجلاس میں وزیر اعظم نے ہر 3 ماہ بعد وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق تمام وزارتوں کو مزید ٹاسک بھی سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے وزرا کو اسٹریٹیجک پلان تیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے، وزیر اعظم کی ہدایت پر اسٹریٹیجک پلان 5 سال کے لیے بنایا جائے گا۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم نے عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے ٹی وی انٹرویو میں‌ کہا تھا کہ تمام وزرا کی 100 دن کی کارکردگی کا جائزہ آئندہ ہفتے لوں گا، وزرا کی کارکردگی دیکھ رہا ہوں ہوسکتا ہے کئی وزیر تبدیل کرنے پڑیں۔

اس سے قبل مختلف وزارتوں اورڈویژن کی کارکردگی رپورٹ 27 نومبر کو جمع کی گئی تھی۔ کارکردگی میں وفاقی وزیر مراد سعید اور شیخ رشید میں سخت مقابلہ ہے۔ دونوں وفاقی وزرا نے 100 روزہ اہداف بر وقت مکمل کر لیے ہیں۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزارت میں 2 ارب جبکہ وزیر مواصلات مراد سعید نے 3 ارب سے زائد کی آمدن کا ریکارڈ بنایا ہے۔

کامیاب سفارتکاری اور غیر ملکی رابطوں میں تیزی کے شاندار ریکارڈز کی بدولت وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی کارکردگی میں آگے ہیں جبکہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی سب سے آگے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close