اب کوئی پاکستان کو ڈومور نہیں کہے گا: شہریار آفریدی
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہےکہ اب اس ملک کو کوئی ڈومور نہیں کہے گا اور ہم دنیا کو ڈومور بتائیں گے۔
اسلام آباد میں نجی اسکول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ تعلیم کا مقصد اگر ڈاکٹر، انجینئر اور سول آفیسر بننا ہے تو غلط ہے، تعلیم کا مقصد مہذب اور ہمدرد انسان بننا تھا لیکن دنیا اس مقصد میں ناکام ہوا ہے، اس کا مقصد مہذب انسان بننا ہے، آج مذہب، مسلک، زبان اور علاقے کے نام پر انسان انسان کا دشمن ہے۔
انہوں
نے کہا کہ آج سماجی اور معاشی نظام غیروں کا ہے، مسلمان پیچھے رہ گئے ہیں،
مسلمان واپس اپنی بنیادوں کی جانب آئیں اور حق کے لیے کھڑے ہوں، ہم نے
تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو کر دنیا کا مقابلہ کرنا ہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عہدے اور دولت کو عزت کی بنیاد نہ بنائیں، اب اس ملک کو کوئی نہیں کہے گا ڈو مور، ہم دنیا کو بتائیں گے ڈو مور۔
شہریار آفریدی نے مزید کہا کہ قانون کی نظر میں وزیراعظم اور عام آدمی برابر ہے، جو ریاست کو عزت دے گا ہم اس کو عزت دیں گے، اور جو ریاست کو چیلنج کرےگا ریاست بھی ان سے نمٹے گئی۔
تجاوزات کے خلاف آپریشن سے متعلق ان کا کہنا تھاکہ جنہوں نے ریاست کی زمین پر قبضہ کیا ہے ان کے خلاف آپریشن ہے، یہ آپریشن ذاتی ملکیت والوں کے خلاف نہیں ہے۔