Featuredاسلام آباد

’سانحہ اے پی ایس میں بچھڑ جانے والوں کی یاد ہمیشہ تازہ رہے گی‘

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس)میں بچھڑ جانے والوں کی یاد ہمیشہ تازہ رہے گی جنہوں نے اپنا لہو دے کر قوم کو متحد کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تحریک انصاف نے ایک پیغام جاری کیا جس کے مطابق سانحہ اے پی ایس کی چوتھی برسی پر وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 16 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 16 دسمبر ہمیں ایک سیاہ دن کی یاد دلاتا ہے، سانحہ اے پی ایس میں بچھڑ جانے والوں کی یاد ہمیشہ تازہ رہے گی، جنہوں نے لہو کا نذرانہ دے کر قوم کو سفاک دشمن کے خلاف متحد کیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قوم کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بیش بہا قربانیاں دینے کے باوجود قومی، علاقائی اور عالمی امن کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس افسوسناک سانحے نے پوری قوم کو اس دشمن کے خلاف متحد اور مضبوط بنادیا، جو انسانیت پر ایک بد نما داغ اور حیوانیت کی بدترین مثال ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو شکست دینے کے لیے تعلیم بہترین ہتھیار ہے۔

انہوں نے پاکستان کو انتہا پسندی اور فرقہ واریت، مذہب، زبان، رنگ، نسل اور کسی بھی وجہ سے تشدد سے پاک معاشرہ بنانے کا بھی اعادہ کیا۔

علاوہ ازیں وزیرِ اعظم عمران خان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جان کا نذرانہ دینے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

یاد رہے کہ 4 سال قبل 16 دسمبر 2014 کی صبح دہشت گردوں نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے 132 طالبِ علموں سمیت 141 افراد کو شہید کردیا تھا جبکہ سیکیورٹی اداروں کی کارروائی میں تمام دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

تحریک طالبان پاکستان نے اس مذموم کارروائی کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

واقعے کے بعد آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی گئی جس میں متفقہ طور پر نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا گیا جس کے تحت پورے ملک میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کا آغاز ہوا۔

ان آپریشنز میں سیکڑوں کی تعداد میں دہشت گرد مارے گئے جبکہ بڑی تعداد میں انہیں گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات چلائے گئے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close