شکیل آفریدی کی سزا میں کمی کی نہ حوالگی کی درخواست ملی، حکومت
اسلام آباد: سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران حکومت نے آگاہ کیا کہ نیا پاکستان میں حکومت نیشنل سکیورٹی پر سمجھوتہ نہیں کرے گی، ہم اپنے فیصلے خود کریں گے۔ شکیل آفریدی کی سزا میں کمی کی گئی نہ امریکہ حوالگی کی درخواست ملی۔ وزیر مملکت داخلہ شہر یار آفریدی نے بتایا کہ شکیل آفریدی کے معاملے پرہم کوئی اندرونی یا بیرونی دباؤ قبول نہیں کریں گے، شکیل آفریدی اور کلبھوشن کا موازنہ نہ کیا جائے۔ شکیل آفریدی پاکستانی ہیں ۔ وفاقی دارالحکومت میں زیر زمین پانی کی سطح بلند کرنے کیلئے ری چارج ویل(کنویں) منصوبے کا پی سی ون پلاننگ ڈویژن کو بھیج دیا گیا ہے ۔ وزیر مملکت داخلہ نے بتایا کہ اسلحہ لائسنس جاری کرنے کے معاملے کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی قائم کردی گئی ، علماء، ارکان پارلیمان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ریٹائرڈ اور کاروباری افراد کو اسلحہ لائسنس کے اجراء میں ترجیح دی جائے گی۔
وزارت ریلوے کی جانب سے تحریری طور پر بتایا گیا کہ اس وقت پاکستان ریلوے میں گریڈ 1تاگریڈ22کی 23748 اسامیاں خالی ہیں جبکہ اس وقت پاکستان ریلوے میں مجموعی طور پر 71863ملازمین کام کر رہے ہیں ۔ ریلوے کی 15025ایکڑ اراضی لیز پر دی گئی ہے جس سے 2008 سے 2017تک12770ملین روپے آمدن ہوئی۔ ریلوے کو مالی سال 2013تا 2018 تک 194.59 ارب روپے خسارہ ہوا۔ 77 فیصد ریلوے ٹریکس اپنی زندگی مکمل کر چکے ہیں ۔ وزارت اطلاعات نے تحریری طور پر بتایا کہ ماسوائے پی ٹی وی ہوم کے پی ٹی وی کے تمام چینلز خسارے میں چل رہے ہیں ۔
وزارت داخلہ نے ایوان کو آگاہ کیا کہ گزشتہ تین سال کے دوران ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں 1082لوگوں کے نام ڈالے گئے جبکہ 3049 لوگوں کے نام لسٹ سے خارج کئے گئے ۔ وقفہ سوالات کے دوران وزرا کی عدم موجودگی پر قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزراء کی جانب سے ایوان میں نہ آنا اچھی عادت نہیں ہے ، ایوان کو ترجیح دینی ہے یا نہیں، وزرا ء کی جانب سے سوالات کو موخر کرنے کا مشورہ درست عمل نہیں ہے ۔