خان صاحب! آپ کے دائیں بائیں چور اور ڈاکو کھڑے ہیں
جہانگیر ترین میاں صاحبان کی انگلی پکڑ کر سیاست میں آئے، پچھلے دروازے سے معافیاں بھی مانگتے ہیں۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری کا کہنا تھا کہ ن لیگ میں کوئی ڈاکو یا چور نہیں ملا البتہ شریف برادران پر الزام تراشی کرنے والے عمران خان اپنے دائیں اور بائیں دیکھیں، وہاں چور اور ڈاکو ہی کھڑے ہیں ۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونے کے دعویدار جہانگیر ترین ایک لیکچر ر سے کھرب پتی کیسے بنے ؟ قوم اس سوال کا جواب مانگتی ہے، یہ بھی بتائیں کہ ہمیشہ قرضہ اسی مل کا کیوں معاف ہوتا ہے جس کے ڈائریکٹر جہانگیر ترین یا ان کے رشتے دار بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین میاں صاحبان کی انگلی پکڑ کر ہی سیاست میں آئے تھے ،اب بھی پچھلے دروازے سے آکر معافیاں مانگتے ہیں، ن لیگ پر الزام لگانے والوں کے پاس کوئی ثبوت نہیں لیکن ن لیگ کے پاس سارے ثبوت موجود ہیں جو قوم کے سامنے پیش کئے جائیں گے۔ طلال چودھری نے کہا کہ کوئی ریلی نکالے، دھرنا دے یا پھر رائے ونڈ جائے ن لیگ ریفرنسز کو انجام تک پہنچائے گی۔ ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ احتجاجی سیاست کرنے والوں کی چابی چار چھ ہفتے میں ختم ہوجائے گی۔