ایک ہی شخص کو چوتھی بارسزا اندھے انتقام کی آخری ہچکی ہے، مریم نواز
اسلام آباد: مریم نوازنے ٹوئٹر پر کہا کہ ایک ہی شخص کو چوتھی بارسزا اندھے انتقام کی آخری ہچکی ہے۔ نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنس کے فیصلے کے موقع پر مریم نوز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کا سہارا لیتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
مریم نوازنے کہا کہ آج کا فیصلہ نوازشریف کی امانت، صداقت اور دیانت پر ایک اور مہر ہے جب کہ ایک ہی شخص کو چوتھی بار سزا اندھے انتقام کی آخری ہچکی ہے مگرفتح نواز شریف کی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اللّہ کا شکر ہے ڈھائی سال کے طویل انتقام نما احتساب سمیت تین نسلیں کھنگالنے کے بعد ایک پائی کی کرپشن ثابت ہوئی اور نہ کِک بیک نہ کمیشن سامنے آیا جب کہ سرکاری خزانے میں رتی بھر خیانت بھی سامنے نہیں آئی۔
مریم نوازنے کہا کہ فیصلے انشاءاللہ ختم ہو جائیں گے، جو باقی رہ جائے گا وہ نوازشریف کی سچائی ہے اور مخالفوں پر ظلم کا بوجھ جس کو وہ ڈھوتے رہیں گے کیونکہ حکومت، طاقت اور اختیارات ہوتے ہی ختم ہونے کے لیے ہیں۔ وقت بدلتے اورحالات الٹتے دیر نہیں لگتی، یاد رکھیں ظلم جب حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔
مریم نوازنے مزید کہا کہ نوازشریف کے خلاف الزامات میں رتی برابر بھی سچائی ہوتی یا ثبوت ہوتے یا ایک بھی گواہی ہوتی تو 10 ہزاردرہم کو بہانہ نا بنایا جاتا، خاندانی کاروبار اور جائز ذاتی لین دین کا سہارا نہ لینا پڑتا۔ یہی نواز شریف کی فتح ہے۔ نواز شریف کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) کا ہر ووٹر بھی آج سرخرو ہوا۔
مریم نوازنے اپنے ٹوئٹ میں والد نواز شریف کی ویڈیو شیئرکراتے ہوئے لکھا کہ نواز شریف عوام کی محبت میں گھرے ہوئے ہیں۔
ایک اورٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ ’ہم سب نواز ہیں‘۔
احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنادی ہے جب کہ فلیگ شپ ریفرنس میں بری کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزمریم نواز نے طویل عرصے بعد ٹویٹر پر اپنے والد نواز شریف اور (مرحوم) والدہ کلثوم نواز کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ آخری بار ماں کو دیکھا تو وہ تابوت میں تھیں، اس سے پہلے باپ کو آخری بار مسکراتے ہوئے دیکھا تو وہ ماں کے ساتھ تھے، اللہ آپ دونوں پر رحم کرے، آمین۔