نیب کا فلیگ شپ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت کیخلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: فلیگ شپ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے نوازشریف کی بریت کے فیصلے کے خلاف نیب نے اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی صدارت میں نیب کے سینئر قانونی ماہرین و افسروں کا اجلاس ہوا جس میں نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے قانونی ٹیم کو مکمل تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق فلیگ شپ کیس کے فیصلے میں نوازشریف کی بریت کے خلاف بروقت اپیل دائر کی جائے۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنائی جب کہ فلیگ شپ ریفرنس میں بری کردیا، احتساب عدالت نے اپنے فیصلے میں نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کے علاوہ ڈیڑھ ملین برطانوی پاؤنڈ اور 25 ملین ڈالر جرمانہ بھی کیا۔