خارجہ پالیسی پر مشاورت کیلیے 18 رکنی کونسل قائم، وزیر اعظم نے منظوری دیدی
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کونسل کے چیئرمین ہوں گے۔ کونسل میں 10 خارجہ پالیسی کے ماہرین کو شامل کیا گیاہے۔ 8 ارکان بہ لحاظ عہدہ کونسل کا حصہ ہوں گے۔ کونسل کے ارکان میں سابق سفیر سلمان بشیر، جلیل عباس جیلانی، اشرف جہانگیر قاضی، محمدصادق، ڈاکٹر رفعت حسین، ڈاکٹر ہما باقی، ڈاکٹر حسن عسکری رضوی، ڈاکٹر عادل نجم، ڈاکٹر رابعہ اختر اور قاسم نیاز اور بر بنائے عہدہ ارکان میں وزیرقانون و انصاف، وزیر خزانہ، مشیر تجارت، ٹیکسٹائل و صنعت و پیداوار، وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات، سیکریٹری خارجہ، ڈائریکٹر جنرل انسٹی ٹیوٹ آف اسٹرٹیجک اسٹڈیز اسلام آباد، ڈائریکٹر جنرل فارن سروس اکیڈمی اور ایڈیشنل سیکریٹری فارن منسٹر آفس شامل ہیں۔
کونسل کے تمام ارکان اعزازی بنیادوں پر خدمات سرانجام دیں گے اور ضرورت پڑنے پر وزیر خارجہ متعلقہ شعبے میں اہلیت اور تجربے کی بنیاد پر ایڈہاک اضافی کونسل ارکان تعینات کرسکیں گے۔کونسل کے قیام کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بیان میں کہا ہے کہ یہ ایڈوائزری کونسل انتہائی منجھے ہوئے تجربہ کار افراد پر مشتمل ہے۔
اس میں سابق سفرا اور فارن سیکرٹری بھی شامل ہیں، یہ تمام سفارتکار، اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر اپنی ماہرانہ آرا دیں گے، اس کے علاوہ ہم نے تدریسی شعبہ سے وابستہ ملک کی نامور یونیورسٹیوں سے وابستہ ماہرین کو بھی شامل کیا ہے، وزیر خارجہ نے مزید کہا ایک تنقید جو اکثر سننے میں آتی ہے کہ ہماری خارجہ پالیسی ہمیشہ دفاع پر مرکوز رہتی ہے اور معاشی پہلوؤں کو نظرانداز کیا جاتا ہے اسی تنقید کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے ایسے حضرات کو بھی شامل کیا ہے جو معاشیات اور تجارت کے شعبوں سے منسلک ہیں۔ جلد ہی ایڈوائزری کونسل کی میٹنگ بلائی جائے گی۔