اسلام آباد

اماراتی ولی عہد کی پاکستان آمد، جے ایف 17 تھنڈر کی سلامی

اسلام آباد: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ولی عہد محمد بن زید النیہان ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے جہاں انہوں نے وزیرِاعظم عمران خان سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کے ولی عہد محمد بن زید وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان پہنچے۔

مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے اور پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے معزز مہمان کو سلامی دی جس کے بعد انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، اور دونوں ممالک کے ترانے بھی بجائے گئے۔

بعدِازاں ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید نے وزیراعظم عمران خان سے اپنے وفد کا تعارف کروایا اور اس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے معزز مہمان سے کابینہ ارکان کا تعارف کرایا۔

معزز مہمان شیخ محمد بن زید کی گاڑی وزیراعظم عمران خان خود چلاتے ہوئے وزیرِاعظم ہاؤس پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ون آن ون ملاقات کی۔

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کی وزیراعظم عمران خان سے ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔

پاکستانی وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اطلاعات فواد چودھری، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی شامل تھیں۔

دونون فریقین نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی و علاقائی اور عالمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان پاکستان کے مختصر دورے کے بعد واپس یو اے ای روانہ ہوگئے، جہاں انہیں اعلیٰ پاکستانی حکام نے الوداع کہا۔

نور خان ائیر بیس پر معزز مہمان کو پرنسپل انفارمیشن افسر میاں جہانگیر نے دورے کی یادگاری البم پیش کی۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں ان کی آمد سے متعلق بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں، جن میں پاک اماراتی دوستی سے متعلق سطریں درج تھیں۔

محمد بن زید نے اس سے قبل جنوری 2007 میں بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ یہ پاکستان اور امارات کی قیادت کے درمیان تین ماہ میں ہونے والا تیسرا اعلی سطح کا رابطہ ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close