یو اے ای کے ولی عہد 2 گھنٹے کیلئے نہیں آئے بلکہ تین روز تک پاکستان میں موجود رہے: فواد چوہدری
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ یو اے ای کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان صرف 2 گھنٹے کیلئے پاکستان نہیں آئے بلکہ وہ گزشتہ تین روز سے پاکستان میں ہی موجود تھے۔
اپنے ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کے اچانک پاکستان سے چلے جانے کی خبروں کے حوالے سے رد عمل میں کہا کہ ایسا ایسا بزرجمہر بیٹھا ہے جس نے زندگی میں دفتر خارجہ بھی نہیں دیکھا لیکن وہ بھی خارجہ پالیسی کا ماہررپورٹر ہے۔ کہا گیا کہ ابوظہبی سے دو گھنٹے کیلئے ولی عہدآئے اور چلے بھی گئے۔
فواد چوہدری نے کہا ولی عہد تین دن سے پاکستان میں تھے ، ان کی آج (اتوار کو) واپسی اسلام آباد سے ہوئی ہے۔ تمام تفاصیل پہلے سے طے ہوتی ہیں آج کا دورہ تسلسل میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابوظہبی نے افغانستان میں مذاکرات کیلئے جو کردار ادا کیا، بیلنس آف پیمنٹ کیلئے جو ساتھ دیا اور اب عرب دنیا میں پاکستان جہاں کھڑا ہے خبر سے پہلے کچھ تحقیق ہی کر لینی چاہئے ۔ روزانہ ایک جعلی خبر کی اختراع ہوتی ہے، میڈیا کی آزادی کو اصل خطرہ عطائی صحافیوں سے ہے۔