عمران خان نے سوئی سدرن اور سوئی ناردرن کے سربراہان کو عہدے سے ہٹانے کا اعلان کردیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ گیس کے شدید بحران کے باعث وزیراعظم عمران خان نے سوئی سدرن اورسوئی ناردرن کے سربراہان کو عہدے سے ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں بتایا کہ گیس بحران کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلئے قائم کمیٹی کی رپورٹ کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے دونوں اداروں کے سربراہان کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا ”حالیہ دنوں میں عوام کو گیس کے شدید بحران کا سامنا رہا، وزیراعظم نے گیس کے بحران کی ذمہ داری کے تعین کیلئے کمیٹی تشکیل دی، اس انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کل وزیراعظم کو پیش کی گئی، اس رپورٹ کے مدنظر وزیراعظم نے سوئی سدرن اور سوئی ناردرن کے سربراہان کو عہدوں سے فوری ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔