پرویزمشرف کے دائمی ناقابل ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری
ایڈیشنل اینڈ سیشن جج پرویز قادر میمن کی طرف ایس ایچ او تھانہ آبپارہ کو لال مسجد کیس میں مطلوب ملزم سابق صدر پرویز مشرف کے دائمی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھیج دیا گیا ہے۔
عدالت کی طرف سے بھیجے گئے وارنٹ گرفتاری میں حکم دیا گیا ہے کہ مفرور ملزم کو گرفتارعدالت ملزم پرویزمشرف کو مفرور قرار دے چکی ہے لہذا دائمی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے ذریعے آپ کو حکم دیا جاتا ہے کہ ملزم پرویزمشرف کو گرفتار کرنے کے لۓ ہرممکن کوشش کی جائے۔
دائمی وارنٹ میں ایس ایچ او تھانہ آبپارہ کو یہ بھی حکم دیا گیا ہے کہ ملزم پرویزمشرف کو جونہی گرفتار کرلیا جاۓ تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ مقدمے کی کارروائ کو مکمل کیا جاسکے۔
ذرائع کے مطابق ایڈیشنل اینڈ سیشن جج پرویزالقادر میمن کی طرف سے بھیجا گیا دائمی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ایس ایچ او تھانہ آبپارہ کو موصول بھی ہوگیا۔
دوسری طرف علامہ عبدالرشید غازی قتل کیس کے مفرور ملزم پرویزمشرف کی جائداد ضبط کرنے کے لۓ وارنٹ ایس پی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو بھیج دیا گیا ہے۔
عدالت کے وارنٹ میں ایس ایس پی اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو مفرور ملزم کی جائداد ضبط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وارنٹ میں ایس ایس پی اور ڈپٹی کمشنر کو حکم دیا گیا ہے کہ پرویزمشرف کی جائداد کو ضبط کرکے تاحکم ثانی اپنے قبضے میں رکھا جائے اور مفرور ملزم کی جائداد کی نیلامی کے حوالے سے طریقہ کار وضع کرکے عدالت کو آگاہ کیا جائے۔