تحریک انصاف کی حکومت سود بازی کرنے نہیں آئی، شاہ محمود
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان امن مذاکرات کرانےمیں کامیاب ہوگیا جو بڑی سفارتی کامیابی ہے،دنیا نے پاکستان کامؤقف تسلیم کیا۔ عمران خان کی حکومت پاکستان کے مفادات کا سودا کرنے نہیں آئی۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےشاہ محمود کا کہنا تھا کہ افغانستان کےمسائل کاحل اور تجارتی سرگرمیوں کا فروغ چاہتےہیں، افغانستان کا امن ہماری ضرورت ہے۔ جنگ مسئلے کا حل نہیں کیونکہ اس سےامن نہیں آئےگا۔ ہم افغانستان اورامریکا کوایک میز پر لے آئے جو بہت بڑی کامیابی ہے، آنے والے دنوں میں مذید خوشخبریاں ملیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنا کردار ادا کردیا اور اس حوالے سے دنیا نے پاکستان کا موقف تسلیم کیا ہے۔ امریکاسےتعلقات کی بحالی پاکستان کی سفارتی کامیابی ہے۔
شہباز شریف کے بطورچیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تعیناتی اور تنازع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن سے کہا تھا کسی اور کو نامزد کریں۔ چیئرمین پی اے سی کیلئے کسی ایسے شخص کو نامزد کرنا چاہیے تھا جس کیخلاف نیب مقدمات نہ ہوں۔ پیپلز پارٹی سندھ میں اپوزیشن لیڈرکو پی اے سی سربراہ بنانے کو تیار نہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی اےسی کاچیئرمین اپوزیشن سےہوناچاہیے لیکن اپوزیشن کےرویےکےباعث اسمبلی کارروائی آگےنہیں بڑھ رہی۔ پوزیشن اپنا موقف ضرور پیش کرے مگر ہلڑبازی نہ کرے۔ عمران خان کی حکومت سودے بازی کرنے نہیں آئی، ہم نے پاکستان کے مفادات کا سودا نہ ماضی میں کیا نہ اب کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 3 تاریخ کو لندن جارہا ہوں، برطانوی ایوان نمائندگان میں کشمیرکے مسئلے پرپاکستان کا موقف ان کے سامنے رکھوں گا۔