اسلام آباد

ایف بی آرمیں اصلاحات حکومت کے ریفارمز ایجنڈے کا اہم جزو ہے

پاکستان ویوز(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیرِاعظم عمران خان کی زیرصدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات کے حوالے سے وزیرِاعظم آفس میں اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیرِ خزانہ اسد عمر، وزیرِ مملکت برائے ریونیو حماد اظہر، چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان و دیگر سینئر افسران کی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا ایک ایسا ملک جہاں ملکی اخراجات کا 30 فیصد محض قرضوں پر جمع شدہ سود کی ادائیگیوں پر خرچ ہو رہا ہو وہاں ٹیکس کے نظام میں موجود خرابیوں کو نظر انداز کرنا مجرمانہ غفلت ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے ایف بی آرمیں اصلاحات حکومت کے ریفارمز ایجنڈے کا اہم جزو ہے، بدقسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے ملک میں ٹیکس کے نظام میں موجود خرابیوں کو دورکرنے اورٹیکس بیس بڑھانے کو مکمل طور پرنظرانداز کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں عوام الناس اورخصوصاً بزنس کمیونٹی کو ٹیکس حکام کی جانب سے ہراساں کرنے، ٹیکس وصولیوں کے پیچیدہ عمل، کرپشن اورٹیکس سے جمع شدہ رقم کو حکمرانوں کے شاہانہ رہن سہن کے لئے استعمال کرنے کی وجہ سے عام شہریوں کا اعتماد ٹیکس کے نظام اور ایف بی آر سے اٹھ چکا ہے، اس اعتماد کو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آربڑے ٹیکس چوروں سے ٹیکس ریکوری اورنان فائلرزکوٹیکس نیٹ میں لانے پرخصوصی توجہ دے، بے نامی جائیدادوں پربات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ متعلقہ قانون کے تحت رولزکی تشکیل کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close