نئی حج پالیسی 2019ء کی منظوری، وفاقی کابینہ کا ایسا اقدام کہ حجاز مقدس کے مسافر پریشان ہوجائیں
اسلام آباد: عمران خان کی وفاقی کابینہ نے نئی حج پالیسی 2019ء کی منظوری دے دی، اس سال حج کرنیوالوں کوسبسڈی نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں 2019 کی حج پالیسی پیش کی گئی،کابینہ کو بتایا گیا کہ حج درخواستیں 20 فروری سے وصول کی جائیں گی، حکومت کی جانب سے فی حاجی 45 ہزار روپے سبسڈی دینے کی اطلاعات تھیں لیکن حکومت نے اس سال حاجیوں کو کسی قسم کی سبسڈی نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ وہ حج کے عمل کو خود مانیٹر کریں گے اور حاجیوں کو دی جانے والی سہولیات پرکوئی سمجھوتا نہیں ہوگا ۔
کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں برس ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے، جس میں سرکاری کوٹہ 60 فیصد اور نجی ٹورز آپریٹرز کا کوٹہ 40 رکھا گیا ہے جبکہ اس سال 80 سال یا زائد عمر کے افراد اور مسلسل تین سال سے ناکام رہنے والوں کو بغیر قرعہ اندازی حج پر بھجوایا جائےگا، حج کے اخراجات دو زونز میں تقسیم کردیئے گئے ہیں، شمالی زون کے حج اخراجات 4 لاکھ 36 ہزار 975 روپے اور جنوبی زون کیلئے حج اخراجات 4 لاکھ 27 ہزار 975 روپے رکھے گئے ہیں۔