Featuredاسلام آباد
کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نہتے کشمیریوں پر بھارت کی قابض فوج کے مظالم کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لندن روانگی سے قبل آل پارٹیز حریت کانفرنس کی قیادت سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے اور اس حوالے سے پاکستان کا مؤقف انتہائی واضح اور دو ٹوک ہے، بھارت کی قابض فوج کے مظالم کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ شاہ محمود قریشی یوم یکجہتی کشمیر پر بین الاقوامی تقریبات میں شرکت کریں گے اور وہ برطانوی پارلیمنٹ میں کل انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پارک لین میں 5 فروری کو کشمیر سے متعلق نمائش میں شرکت کریں گے۔