وہ دن گئے جب میاں صاحب فاختہ اڑایا کرتے تھے، نعیم الحق
اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نعیم الحق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) قومی اسمبلی میں ضابطہ سے ہٹ کر نعرے بازیاں اور قانون سازی کے دوران رکاوٹیں حائل نہ کرنے کی یقین دہانی کرا دے تو پھر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور پروڈکشن آرڈرز سے متعلق اقدامات پر فیصلہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار نعیم الحق نے پیر کے روز نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ قومی اسمبلی اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی کارروائی قانون اور قواعد کے مطابق ہونی چاہئے اور ہماری اس حوالے سے مسلم لیگ(ن) سمیت اپوزیشن پارٹیوں سے بات چیت جاری ہے، لیکن پی ایم ایل این کی نیت صاف نظر نہیں آتی ہے تو حکومت بھی ان کو بتانا چاہتی ہے کہ اب وہ دن گئے جب میاں صاحب فاختہ اڑایا کرتے تھے، جیسا کہ پچھلی حکومت میں ہر غلط کام ہوتا تھا اور ہمارے اراکین اسمبلی کو بولنے کا موقع بھی نہیں دیا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت قانون سازی کے دوران قومی اسمبلی میں ضابطے سے ہٹ کر شور شرابہ اور حائل رکاوٹیں ہمیشہ کے لئے ختم کرنا چاہتی ہے اور مسلم لیگ(ن) اگر ہمیں یقین دہانی کرا دے تو ہم پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پر پروڈکشن آرڈر سے متعلق اقدامات پر فیصلہ کریں گے ۔ اسد قیصر اور شیخ رشید کے درمیان کشیدگی کے سوال کے جواب میں نعیم الحق نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو ہٹانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ وہ ہماری پارٹی کے رکن اور منجھے ہوئے سیاستدان ہیں وہ اپنا کام قوانین کے اندر کرتے ہیں ۔