اسلام آباد
عدالت نے عدلیہ مخالف بیانات پر فیصل رضا عابدی پر فرد جرم کی کارروائی 15 مارچ تک موخر کردی
اسلام آباد: انسداد الیکٹرانک کرائم عدالت نے عدلیہ مخالف بیانات پر فیصل رضا عابدی پر فرد جرم کی کارروائی 15مارچ تک موخر کردی۔ پیر کو انسداد الیکٹرانک کرائم کی عدالت کے جج طاہر محمود نے سماعت کی۔فیصل رضا عابدی ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہوئے ۔ سماعت کے دور ان تفتیشی افسر کی جانب سے مکمل چالان جمع نہ کرایا جا سکا۔
عدالت نے کہاکہ مکمل چالان جمع نہیں ہوا، تفتیشی بھی پیش نہیں ہوئے، فرد جرم کیسے عائد کریں ؟ ۔عدالت نے تفتیشی افسر کو 15 مارچ کو طلب کر لیا ،تفتیشی افسر کو مقدمے کا مکمل چالان جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے عدالت نے فرد جرم کے لئے 15 مارچ کی نئی تاریخ مقرر کر دی۔