سینیٹ کے بغیر وفاق کو نہیں چلایا جاسکتا
چیرمین سینیٹ رضا ربانی اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے مطالبہ کیا کہ قومی اسمبلی کی نشستیں بڑھیں تو سینیٹ کی نشستیں بھی بڑھنی چاہیے اور سینیٹ کو بھی بجٹ کی منظوری کا اختیار دیا جائے۔
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سینیٹ کی اہمیت ختم ہو جاتی ہے کیوں کہ مشترکہ اجلاس میں سینیٹرز کے ووٹ کم یو جاتے ہیں اس لیے پارلیمنت کے مشترکہ اجلاس میں سینیٹ کو قومی اسمبلی کے برابر ووٹ کا اختیار ہونا چاہئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں صرف پنجاب کے اراکین کی تعداد سینیٹ کے کُل ارکان سے زیادہ ہیں جس کے باعث مشترکہ اجلاس میں وفاق کا مطلب ہی ختم ہو جاتا ہے۔
رضاربانی نے کہا کہ ہم ایک شرمناک وفاقیت کے ساتھ چل رہے ہیں، سینیٹ کی موجودہ صورتحال وفاق کی نفی ہے،اٹھارویں ترمیم کے بعد پاکستان مکمل طور پروفاقی ہو گیا ہے اس لیے سینیٹ کوالگ کرکے وفاق کو نہیں چلایا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ کو بھی کارکردگی بہتر بنانا ہو گی سینیٹ کا قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں سے کوئی رابطہ نہیں جس کے باعث موثر کردار ادا نہیں کر پا رہا ہےاس کے علاوہ اراکین قومی اسمبلی اورچاروں صوبوں کے وزرائے اعلٰی کوبھی سینیٹ میں بات کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔
رضا ربانی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے مستقبل کوغیرجمہوری کہنے والے خام خیالی ذہن سے نکال دیں،پارلیمان کو مصبوط کرنا ضروری ہے بد قسمتی سے پاکستان میں ریاستی اداروں نے پارلیمان کوعوام سے الگ تھلگ رکھا۔