نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کیلئے کوششیں تیز کی جارہی ہیں: شہریار آفریدی
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کے لیے کوششوں کو تیز کیا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں شہریار آفریدی نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف آپریشن مقاصد کے حصول تک جاری رہے گا اور یہ آپریشن نیشنل ایکشن پلان 2014 کے تحت کیا جارہا ہے۔
حکومت نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ کالعدم جیشِ محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کے بھائی اور بیٹے سمیت کالعدم تنظیموں کے 44 ارکان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے شہریار آفریدی اور سیکریٹری داخلہ اعظم سلمان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اور بتایا کہ زیر حراست افرادمیں مسعود اظہر کے بیٹے حماد اظہر اور بھائی مفتی عبدالرؤف شامل ہیں، مفتی عبدالرؤف اور حماد اظہر کے نام بھارت کے ڈوزیئر میں شامل ہیں، جن افراد کو حراست میں لیا گیا ان سے تفتیش کی جائے گی۔