پانچ سال میں پی آئی اے کے مسافروں کا 2 کروڑ سے زائد کا سامان غائب ہونے کا انکشاف
اسلام آباد: پانچ سال کے دوران قومی ائیر لائن پی آئی اے کے مسافروں کا 2 کروڑ روپے سے زائد کا سامان غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ جیو نیوز کے مطابق آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہےکہ 2012 سے 2016 کے دوران پانچ سالوں میں قومی ائیرلائن کے مسافروں کا 2 کروڑ سے زائد کا سامان غائب ہوا لیکن مسافروں کا سامان کون چوری کررہا ہے اس کا معمہ تاحال حل نہیں ہوسکا ہے۔
آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ 2012 سے 2013 کے دوران ملتان اور بہاولپور ائیرپورٹس پر 39 لاکھ 75ہزار کا سامان غائب ہوا، 2014 سے 2015 کے دوران کراچی ائیرپورٹ پر 24 لاکھ 23 ہزار کا سامان غائب ہوا جب کہ گمشدہ سامان کی مد میں مسافروں کو 2 کروڑ 19 لاکھ 74 ہزار کی ادائیگیاں ہوئیں۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق مسافروں کا سامان انتظامیہ کی لاپرواہی کے باعث مسلسل غائب ہوتا رہا، انتظامیہ کو 2017 میں معاملے سے آگاہ کیا گیا مگر کوئی جواب نہ ملا۔
رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ قوانین کے مطابق سامان غائب ہونے پر متعلقہ ڈیوٹی افسران ذمہ دار ہوتے ہے۔