اسلام آباد

عمران خان اور انکے 2 درجن چمچے ایک سیاسی لیڈر کی علالت کو سیاست کی نذر کر رہے تھے، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف کی ضمانت کے ساتھ ہی موجودہ وزیراعظم عمران خان اور ان کے 2 درجن چمچوں کا جھوٹ قوم کے سامنے آگیا۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے عدالتِ عظمٰی کی جانب سے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور ہونے کے بعد حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی تمام تر کوششوں کے باوجود نواز شریف کو عدالت نے علاج کے لئے ریلیف دیا ہے۔ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور ہمیں عدالت سے اسی کی توقع تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک و شبہ نہیں رہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کے 2 درجن چمچے ایک سیاسی لیڈر کی علالت کو بھی سیاست کی نذر کر رہے تھے اب وہ جھوٹ قوم کے سامنے آگیا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے جس کم ظرفی کا مظاہرہ کیا ہے آج تک اس کی مثال نہیں ملتی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایک وزیراعظم اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لئے کسی سیاسی لیڈر کی صحت کو طنز کا نشانہ بنائے تو میں اس کے بارے میں کیا کہہ سکتا ہوں؟ انہوں نے مزید کہا کہ آج یہ بات ریکارڈ پر آگئی کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ایک تاثر پیش کیا جارہا تھا کہ نواز شریف اپنا علاج کروانے سے انکار کر رہے ہیں، تاہم اب یہ ریکارڈ پر آچکا ہے کہ نواز شریف نے کبھی بھی طبی امداد سے انکار نہیں کیا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close