وفاقی وزیر غلام سرور خان نے وزارت کی تبدیلی کا فیصلہ قبول کرلیا
اسلام آباد: وفاقی وزیر غلام سرور خان نے وزیراعظم کی جانب سے وزارت تبدیل کرنے کا فیصلہ قبول کرلیا۔ ذرائع کےمطابق وزارت پیٹرولیم سے ہٹائے گئے غلام سرور خان نے وفاقی وزیر ہوابازی کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ غلام سرور خان پیر یا منگل کو نئی وزارت کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر کا کہنا ہےکہ وزیراعظم عمران خان میرے کپتان ہیں، ان کا ہر فیصلہ قبول کرتا ہوں، فیصلہ کیا ہے کہ عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنے ہیں۔
غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ ایوی ایشن کی وزارت کو وزیراعظم کے وژن کے مطابق چلاؤں گا، عمران خان مجھے وزارت نہ بھی دیتے تو ان کا فیصلہ قبول کرلیتا۔
واضح رہےکہ کابینہ میں رد و بدل کے نتیجے میں غلام سرور خان کو ناقص کارکردگی پر وزارت پیٹرولیم سے ہٹاکر وزارت ایوی ایشن دی گئی تاہم ابتدا میں انہوں نے وزارت کی تبدیلی کا وزیراعظم کا فیصلہ ماننے سے انکار کیا اور پارٹی چھوڑنے کی بھی دھمکی دی۔
گزشتہ روز جیونیوز کے پروگرام میں ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے غلام سرور خان نے وزارت کی تبدیلی پر وزیراعظم سے ناراضی کی تردید کی اور کہا کہ وزارت تبدیل کرنا عمران خان کا استحقاق ہے، کچھ روز پہلے وزیراعظم نے ان سے کہا تھا کہ پیٹرولیم کی وزارت ٹیکنیکل ہے، آپ سیاسی آدمی ہو، کوئی اور وزارت لو۔