اسلام آباد

چوہدری نثار کے حلف اٹھانے کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں، ذرائع

اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو وزیراعلٰی پنجاب بنائے جانے کی افواہیں گرم ہیں، لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف نہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ چوہدری نثار کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ان کے حلف اٹھانے کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں، وہ لیگی قیادت اور رہنماؤں سے ملاقاتوں میں مصروف ہیں اور ان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ گذشتہ روز خبریں گردش کر رہی تھیں کہ چودھری نثار پنجاب کی سیاست میں قدم رکھنے والے ہیں اور رواں ہفتے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں گے، جبکہ حلف اٹھانے کے بعد ایک سے دو ہفتے میں اہم ملاقاتیں بھی کریں گے، جہاں پنجاب کی اہم ذمہ داری پر مشاورت ہوگی۔ یاد رہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں چودھری نثار پی پی 10 راولپنڈی سے جیپ کے نشان پر بطور آزاد اُمیدوارکامیاب ہوئے، انہوں نے پی پی 10 سے 53 ہزار 145 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل الیکشن لڑنے والے آزاد اُمیدوار نصیر الحسنین 22 ہزار 253 ووٹ حاصل کر سکے۔

رپورٹ کے مطابق چودھری نثار علی خان قومی اسمبلی کی دونوں نشستوں سے ہار چکے ہیں۔ قومی اسمبلی کی نشست این اے 63 سے چودھری نثار علی خان کے مقابلے میں کھڑے پی ٹی آئی کے اُمیدوار غلام سرور خان کامیاب ہوئے۔ پی ٹی آئی کے غلام سرورخان 64301 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ آزاد امیدوار چودھری نثار 48497 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ اس حلقے سے مسلم لیگ (ن) کے سردار ممتاز خان 22475 ووٹ حاصل کر سکےتھے۔ دوسری جانب قومی اسمبلی کی نشست این اے 59 سے بھی چودھری نثار علی خان ہار گئے تھے۔ نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار غلام سرور خان نے حلقہ این اے 59 سے 89 ہزار 55 ووٹ حاصل کئے، جبکہ این اے 59 میں چودھری نثار علی خان نے 66 ہزار تین سو 69 ووٹ حاصل کئے تھے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close