وزیراعظم عمران خان 2 مئی کو مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان 2 مئی کو مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند میں دریائے سوات پر مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد 2 مئی کو رکھا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان 800 میگاواٹ کے اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، اس حوالے سے حکمراں جماعت تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ انشاء اللہ 2 مئی کو وزیراعظم مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلح افواج کا دیامربھاشا اور مہمند ڈیمز کیلئے دو دن کی تنخواہ دینے کا اعلان
انہوں نے ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈز دینے والے افراد کا خصوصی طور پر شکریہ بھی ادا کیا۔
یاد رہے کہ دریائے سوات پر 5 کلو میٹر منڈا ہیڈ ورکس کے مقام پر مہمند ڈیم کی تعمیر ہوگی، 800 میگاواٹ کا یہ منصوبہ 6 سال کے عرصے میں مکمل ہونے کی توقع ہے اور ڈیم کی تعمیر پر 2.6 بلین ڈالر کی لاگت کا تخمینہ ہے۔
ڈیم کی تعمیر کے لیے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ایک ڈیم فنڈز بھی قائم کیا تھا جس میں عوام سے فنڈز جمع کرانے کی اپیل کی جاتی رہی۔