وزیراعظم کا ڈگڈگی بجانے کا اشارہ غیرسیاسی لوگوں کی طرف تھا، خورشید شاہ
اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان ڈگڈگی نہیں بجارہے لہذا وزیراعظم نوازشریف کا ڈگڈگی بجانے کا اشارہ غیر سیاسی لوگوں کی طرف تھا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اہم اجلاس کی باتیں باہر نکلنے کا ذمہ دار کون ہے، فوج کی باتیں سیکیورٹی سے متعلق ہیں وہ یہ باتیں کیسے باہر نکالے گی تاہم وہ کون سویلین شخص تھا جس نے حساس باتیں باہر نکالیں، اے پی سی کی خبر لیک ہونے کا زبیرعمر نے خود اعتراف کیا ہے، ہوسکتا ہے سیکیورٹی میٹنگ کی خبر بھی وزیراعظم میڈیا سیل کے ذریعے لیک ہوئی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا ڈگڈگی بجانے کا اشارہ غیر سیاسی لوگوں کی طرف تھا کیونکہ عمران خان تو ڈگڈگی نہیں بجارہے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ دھرنا، جلوس اور احتجاج سیاسی حق ہے لیکن کسی علاقے کو سیل کرنا سیاسی حق نہیں یہ سیاسی جرم ہے اور اس طرح کے عمل سے عام آدمی متاثر ہو رہا ہے، تحریک انصاف نے سولو فلائٹ لی ہوئی ہے دیکھتے ہیں، نتائج کیا ہوں گےلیکن عمران خان کے احتجاج نے وزیراعظم کو مضبوط کیا ہے۔ ہمارے لئے نوازشریف اور عمران خان ایک جیسے ہیں کیونکہ دونوں غیر سنجیدہ اور جمہوریت کے لئے خطرہ ہیں، نوازشریف اپنی حکمرانی سے اور عمران خان اپنے رویے سے جمہوریت کو کمزور کررہے ہیں۔