اسلام آباد

وزیراعظم کی ذاتی کرپشن پر سرکاری وکیل کے مقدمہ لڑنے کا کوئی جواز نہیں بنتا،عمران خان

اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ذاتی کرپشن پر سرکاری وکیل کے مقدمہ لڑنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

پشاور روانگی سے قبل اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کی ذاتی کرپشن پکڑی گئی ہے اور کوئی جواز نہیں کہ ان کا مقدمہ سرکاری وکیل لڑے وہ اپنے ذاتی وکیل کے ذریعے پاناما لیکس کا کیس لڑیں۔ اٹارنی جنرل شریف خاندان کی کرپشن کو بچانے کی کوشش نہ کرے۔ وہ کس منہ سے عوام کے پیسے سے کرپٹ وزیراعظم کا کیس لڑرہے ہیں شریف خاندان ارب پتی جبکہ ان کے بچے کھرب پتی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اپنی کرپشن بچانے کے لئے پاکستان کو تباہ کررہے ہیں اور ان کے پیچھے بھارتی لابی کام کررہی ہے، جمہوریت میں وزیراعظم جوابدہ ہوتا ہے نوازشریف 7 ماہ سے کوئی جواب نہیں دے رہے لیکن اب ان کو حساب دینا ہوگا،اب بھی وقت ہے کہ نواز شریف احتساب کے لئے خود کوپیش کردیں۔

عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد دھرنے کو ناکام بنانے کےلئے حکمرانوں کی جانب سے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں اور یہ تاثر قائم کیا جارہا ہے کہ 2 نومبر کا دھرنا فوج کرارہی ہے اور فوج امن نہیں چاہتی، اب حکمرانوں نے 2 نومبر کے حوالے سے کالعدم تنظیموں کی اسلام آباد آمد کا نیا شوشا چھوڑا ہے کبھی ہمیں مذاکرات کے لئے کہا جاتا ہے لیکن اب مذاکرات 2 نومبرکو اسلام آباد میں ہی ہوں گے اور عوام کا سمندر ہمارے ساتھ ہوگا۔

 دوسری جانب اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے عمران خان کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عمران خان کا بیان ان کی ذاتی سوچ ہے، اٹارنی جنرل آفس کسی کا نمائندہ نہیں ، یہ ایک آئینی عہدہ ہے اور  صرف قانونی کردار ادا کرتے ہوئے صرف عدالت کی معاونت کرتا ہے۔
Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close