پاناما لیکس، سپریم کورٹ نے درخواستوں پر سماعت کی تاریخ یکم نومبرمقرر کردی
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پاناما لیکس پر درخواستوں کی سماعت یکم نومبر مقرر کر کے وزیراعظم سمیت تمام فریقین کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
سپریم کورٹ نے پاناما لیکس پر درخواستوں کی سماعت 2 نومبر تک ملتوی کی تھی تاہم اب سپریم کورٹ نے پاناما لیکس پر درخواستوں کی سماعت یکم نومبر کو مقرر کر دی ہے۔ سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، مریم نواز، کیپٹن صفدر، حسن اور حسین نواز سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے یکم نومبر سے قبل جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے اور اس حوالے سے نوٹسز بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت، سیکرٹری داخلہ، پیمرا، نیب، الیکشن کمیشن، ایف بی آر، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور وزارت پارلیمانی امور کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ 30 اکتوبر تک جواب جمع کرائیں تاکہ پاناما لیکس پر کارروائی کو آگے بڑھایا جائے۔