عید کے بعد پارلیمنٹ میں نہیں بلکہ سڑکوں پر حکومت مخالف تحریک چلائیں گے، سابق صدر آصف زرداری
اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ عید کے بعد پارلیمنٹ میں نہیں بلکہ سڑکوں پر حکومت مخالف تحریک چلائیں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نیب اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی اور موجودہ ایمنسٹی اسکیم میں کوئی فرق نہیں، جس کے پاس تھوڑے بہت پیسے ہیں وہ بلیک منی کو وائٹ کرلے گا جب کہ لوگوں کو پہلے امیر بناؤ اور پھر ٹیکس لگاؤ۔ سابق صدر نے کہا کہ بلاول بھٹو شہید بی بی کا بیٹا ہے، بلاول کو بھی اسی انگاروں پر چلنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی بینک اکاؤنٹس کیس : آصف زرداری نیب کی 5 انکوائریز اور 3 انوسٹی گیشنز میں ملوث قرار
صحافی نے سوال کیا کہ اگر جیلوں سے نہیں ڈرتے تو پھر ضمانتیں کیوں کرواتے ہیں، سابق صدر نے کہا کہ ضمانت میرا آئینی حق ہے، آپ کو بھی جیل ساتھ لے کر جاؤں گا۔ عید کے بعد حکومت کے خلاف تحریک چلانے کے حوالے سے سابق صدر نے کہا کہ اس بات کا ان کو بھی اندازہ ہے اس لئے تو کیسز بن رہے ہیں، پارلیمنٹ میں نہیں بلکہ سڑکوں پر حکومت مخالف تحریک چلائیں گے۔